نئی دہلی ،24جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی ہائی کورٹ آئی این ایکس میڈیا سے منسلک ای ڈی کے منی لانڈرنگ معاملے پرسابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کی پیشگی ضمانت عرضی پر بدھ کو سماعت کرے گا۔جسٹس اے کے پاٹھک کے سامنے جب آج یہ معاملہ آیا تب ای ڈی کے وکیل نے کہا کہ اس پر بعد میں سماعت کی جائے کیونکہ اضافی سلیسیٹر جنرل تشار مہتہ سپریم کورٹ میں مصروف ہیں۔پی چدمبرم کی جانب سے پیش سینئر وکیل کپل سبل نے کہا کہ وہ کھانے کے بعد دستیاب نہیں ہو پائیں گے اور عدالت اس معاملے کو کل سماعت کے لئے درج کر سکتی ہے۔سبل نے عدالت سے کل ساڑھے دس بجے اس معاملے کو ہاتھ میں لینے کی بھی درخواست کی۔لیکن جسٹس پاٹھک نے کہا کہ معاملے پر مناسب وقت میں سماعت ہوگی۔سینئر وکیل نے کہا کہ یہ معاملہ بھی اسی لین دین سے ہے جس میں سی بی آئی نے بھی معاملہ درج کیا ہے۔فرق صرف اتنا ہے کہ یہ عرضی ای ڈی کے معاملے سے منسلک ہے جبکہ دوسرے میں چدمبرم کو گرفتاری سے پہلے ہی تحفظ مل چکا ہے۔چدمبرم آئی این ایکس سے منسلک ای ڈی کے منی لانڈرنگ معاملے میں پیشگی ضمانت کا مطالبہ کرتے ہوئے ہائی کورٹ پہنچے تھے۔